کشمیر پریمیئر لیگ ٹو میں میرپور رائلز نے تیسری کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔ رائلز نے ایونٹ کے پندرہویں میچ میں جموں جانباز کو12 رنز سے شکست دے دی۔ جموں جانباز نے ٹاس جیت کر میرپوررائلزکو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنر علی عمران جلد آؤٹ ہوئے مگر حسن نواز نے 68رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔ حمزہ ارشد نے 43 رنز بنائے۔ کپتان شعیب ملک کے 16 گیندوں پر جارحانہ 35 رنز نے ٹیم کا مجموعہ 4 وکٹوں پر 172 تک پہنچایا۔
جموں جانباز نے ہدف کا تعاقب کیا تو رائلز کے بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ 4 بلے باز 86 کے اسکور پر پویلین لوٹا دیئے۔ شاہزیب نے 40 اور فہیم اشرف نے 22 رنز کی مزاحمت کی۔ شاہد آفریدی کے جارحانہ 37 رنز نے میچ کو دلچسپ بنایا ۔ اختتامی اوورز میں رائلز کی نپی تلی بولنگ کام کرگئی۔ جموں جانباز 8 وکٹوں پر 160 رنز تک محدود رہے۔ شاداب مجید اور علی عمران نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے 35 رنز کی جارحانہ اننگز اور 1 وکٹ لینے پر شعیب ملک میچ کے ہیرورہے۔ میرپور میر پور رائلز کی ٹیم اپنا آخری لیگ میچ پیر کی شام مظفر آباد ٹائیگرز سے کھیلے گی۔۔
