کشمیر پرئمیر لیگ کے پہلے ایڈیشن کے فائنل مقابلے میں مظفر آباد ٹائیگرز اور راولاکوٹ ہاکس کے درمیان شائقین کرکٹ کو بڑا کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ کشمیر پرئمیر لیگ کے فائنل میں مظفر آباد ٹائیگرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
راولاکوٹ ہاکس نے فائنل میچ کی ابتدا بڑے شاندار طریقے سے کی اور پہلے ہی اوور میں بارہ رنز بٹور لیے۔ مگر پھر مظفر آباد ٹائیگرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے پہلے تین اوورز میں اسکور بورڈ اٹھارہ رنز تک ہی پہنچنے دیا۔ چھٹے اوور میں مظفر آباد ٹائیگرز کو پہلی کامیابی عمر امین کی وکٹ کی صورت میں ملی جو 23 رنز بنا کر چلتے بنے۔
پاور پلے کے اختتام پر راولاکوٹ ہاکس نے ایک وکٹ کے نقصان پر 53 رنز اسکور کیے۔ بسم اللہ خان تیس رنز اسکور کرکے کریز پر موجود تھے۔
ساتویں اوور کےآغاز میں ہی اسامہ میر نے مظفرآباد ٹائیگرز کو دوسری کامیابی دلائی اور بسم اللہ خان کو تیس رنز پر ہی چلتا کیا۔ نویں اوور میں محمد حفیظ کو دوسری کامیابی ملی اور حسین طلعت محض پانچ رنز اسکور کرکے پویلین لوٹ گئے۔ گیارہویں اوور کے اختتام پر راولاکوٹ ہاکس نے 78 رنز اسکور کیے جبکہ تین وکٹیں گنوائیں۔
چودھویں اوور میں راولاکوٹ ہاکس کو چوتھا نقصان صاحبزادہ فرحان کی شکل میں برداشت کرنا پڑا جو 28 رنز کی اننگز کھیل کر رخصت ہوئے۔ چودھویں اوور کے اختتام پر راولاکوٹ ہاکس نے چار وکٹوں کے نقصان پر 101 رنز بنالیے تھے۔
پندرہویں اوور میں اسامہ میر کو دوسری کامیابی دانش عزیز کی صورت میں ملی جب راولاکوٹ ہاکس کا اسکور پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 110 رنز تھا۔ سترہویں اوور کے اختتام پر راولاکوٹ ہاکس کا اسکور بورڈ 130 رنز تک ہی پہنچ پایا۔
اسی دوران راولاکوٹ ہاکس کے کاشف علی نے محض 25 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی اور راولاکوٹ ہاکس نے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔
169 رنز کے جواب میں مظفرآباد ٹائیگرز نے بلے بازی شروع کی توراولاکوٹ ہاکس کی طرح مظفرآباد ٹائیگرز کا آغاز بھی شاندار تھا۔ مظفرآباد ٹائیگرز نے پہلے دو اوورز میں بغیر کسی نقصان کے بیس رنز اسکور بورڈ کی زینت بنائے۔
پاورپلے کے اختتام پر مظفرآباد ٹائیگرز نے 59 رنز اسکور کیے اور کپتان محمد حفیظ 29 رنز اسکور کرنے کے بعد پویلین لوٹ چکے تھے۔
آٹھویں اوور کے اختتام پر مظفرآباد ٹائیگرز کا اسکور ذیشان اشرف کی عمدہ بلے بازی کی بدولت 80 رنز تک پہنچ چکا تھا اور آخری بارہ اوورزمیں انہیں میچ جیتنے کے لیے محض 90 رنز درکار تھے اور مظفر آباد ٹائیگرز کے ہاتھوں میں نو وکٹیں بھی تھیں۔
یہاں اسٹار آل راوٗنڈر شاہد خان آفریدی نے اپنے بہترین دواوورز پھینکے جو فائنل میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئے۔ شاہد آفریدی نے اپنے پہلے اوور میں سیٹ بیٹسمین ذیشان اشرف کو 46 کے اسکور پر پویلین بھیجا اور اپنے دوسرے ہی اوور میں صہیب مقصود کو بھی محض 15 رنز پر آوٗٹ کرکے فائنل میچ کا نقشہ ہی بدل ڈالا۔
اب اسکور بورڈ تین کھلاڑیوں کے نقصان پر 97 رنز تک پہنچا۔ وسیم جونئیر نے کریزپر آکر کچھ باوٗنڈریز لگائیں اور سترہویں اوور کے اختتام پرپانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر اسکور 139 تھا۔
آخری تین اوورز میں مظفرآباد ٹائیگرز کو 31 رنز درکار تھے۔ حسین طلعت اور پھر آصف آفریدی نے آخری دو بہترین اوورز نکالے اور مقررہ بیس اوورز میں مظفر آباد ٹائیگرز 161 رنز تک ہی پہنچ سکے۔ یوں کشمیر پرئمیر لیگ کا پہلا ایڈیشن اسٹار آل راوٗنڈر شاہد خان آفریدی کی قیادت میں راولاکوٹ ہاکس نے اپنے نام کرلیا۔
فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز آصف آفریدی کو انڈر پریشر بہترین باوٗلنگ پر دیا گیا۔
کشمیرکے بہترین کھلاڑی کا اعزاز سلمان ارشاد کو دیا گیا۔
ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حسین طلعت نے اپنے نام کیا۔
ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز کا اعزاز ذیشان اشرف کو دیا گیا جبکہ لیگ کے بہترین باوٗلر کا اعزاز آصف آفریدی کو ملا۔
پورے ٹورنامنٹ میں بہترین فیلڈنگ کرنے پر وسیم جونئیر کو بہترین فیلڈر کے اعزاز سے نوازا گیا جبکہ راولاکوٹ ہاکس کے وکٹ کیپر بسم اللہ کو بہترین وکٹ کیپرکا اعزاز ملا۔