کرسٹیانو رونالڈو کی مانچسٹر یونائیٹڈ میں واپسی، جلد انگلش کلب کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے

آپ کا کیا خیال ہے رونالڈو واقعی جووینٹس چھوڑ کر مانچسٹر چلا جائے گا اور جہاں وہ جائے گا وہ مانچسٹر یونائیٹڈ نہیں بلکہ مانچسٹر سٹی ہوگی۔
یہ وہ رائے تھی جو کچھ دیر قبل قائم کی جارہی تھی اس خبر کے بعد جو کرسٹیانو رونالڈو کے اٹلی میں موجودہ کلب جووینٹس کے منیجر الیگری نے دی کہ رونالڈو جووینٹس کو خیرآباد کہنا چاہ رہے ہیں۔

انگلش پرئمیر لیگ کو فالو کرنے والے بہتر اور بہت اچھے سے مانچسٹر سٹی کو جانتے ہیں۔ اور وہ سب “نوائزی نیبرز” مطلب شور مچانے والے ہمسائے کی تشریح بھی بخوبی سمجھتے ہیں۔

وہ سب جانتے ہیں کہ مانچسٹر سٹی کے ساتھ مانچسٹر یونائٹڈ کی مقابلہ بازی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ ایسے میں کرسٹیانو رونالڈو کا مانچسٹر سٹی جوائن کرنا ایک ناقابل ہضم بات تھی۔
پھر کہانی آگے یوں بڑھی کہ رونالڈو نے مانچسٹر پہنچنا تھا لیکن اس سے پہلے تین اہم واقعات رونما ہوچکے تھے۔

ایک مانچسٹر یونائیٹڈ کے منیجر اولے کی پریس کانفرنس تھی جس میں انہوں نے رونالڈو کو اٹلی چھوڑنے اور انگلینڈ ٹرانسفر ہونے کی صورت میں ان کے پرانے جوانی کے کلب مانچسٹر یونائیٹڈ میں واپسی کی دعوت دی تھی۔

اور اسی دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ رونالڈو کے ہم وطن برونو فرنینڈس رونالڈو سے کلب جوائن کرنے کے حوالے سے رابطے میں ہیں۔

دوسرا کرسٹیانو رونالڈو کے مانچسٹر یونائٹڈ میں موجود دیرینہ دوست ریو فرڈینینڈ کی کال تھی جس میں انہیں مانچسٹر یونائیٹڈ جوائن کرنے کے حوالے سے راضی کیا گیا۔

اور اس سب معاملے کو آخری حتمی شکل رونالڈو کو رونالڈو بنانے والے ان کے مانچسٹر یونائیٹڈ میں سابقہ کوچ اور انگلش فٹبال ہسٹری کے کامیاب ترین کوچ سر الیکس فرگوسن کا رونالڈو سے ٹیلی فونک رابطہ تھا جس کے بعد کرسٹیانو رونالڈو کے ذہن میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے علاوہ کہیں اور جانے کی کوئی وجہ باقی نہیں بچتی تھی۔

اس حوالے سے رونالڈو کے ایجنٹ جورگے مینڈس نے بھی اہم کردار ادا کیا اور وہ مانچسٹر سٹی اور پی ایس جی کے حوالے سے رونالڈو کی ڈیلز کو دیکھتے رہے تاہم مانچسٹر یونائیٹڈ کے رونالڈو کو پانے کی دوڑ میں شامل ہونے کے بعد کسی دوسری ٹیم کی بالکل بھی گنجائش باقی نہیں بچتی تھی۔

 

آخرکار مانچسٹر یونائیٹڈ نے جمعے کی شب تقریباً آٹھ بجے اپنے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور اپنی ویب سائٹ پر کرسٹیانو رونالڈو کی جووینٹس سے مانچسٹر یونائٹیڈ ٹرانسفر کی خبر کی تصدیق کرکے کرسٹیانو رونالڈو کے دنیا بھر میں کروڑوں شائقین کو یہ خوشی کی خبر سنائی۔

خبر سوشل میڈیا کے جنگل میں آگ کی طرح پھیلی اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کرسٹیانو کے پوسٹرز اور ویڈیوز کی بھرمار ہوگئی۔

 

کوئی فٹبال کا دیوانہ رونالڈو کے مانچسٹر یونائیٹڈ میں متوقع شرٹ نمبر پر بحث چھیڑ کر بیٹھا ہے تو کوئی ٹیم منیجمنٹ کو کون سی فارمیشن کھلانی ہے اس پر ماہرانہ تبصرے دیتا نظر آرہا ہے۔

فٹبال کے لاکھوں شائقین نے اعلان سنتے ہی کرسٹیانو رونالڈو کی پرانی سات نمبر کی شرٹیں نکال لی ہیں اور باقیوں نے رونالڈو کی شرٹ لینے کے لیے مانچسٹر یونائیٹڈ اسٹورز کا رخ کرلیا ہے۔

اور تو اور رونالڈو میسی بحث کا بھی پھر سے آغاز ہوگیا ہے۔ مارکیٹنگ کے نقطہء نظر سے بلاشبہ کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بہت بہترین ریٹائر منٹ پلان مرتب کیا ہے۔ کیوں کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کلب سے ان کا نیا معاہدہ دو سال کا ہوا ہے۔ وہ 2023 تک مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ وابستہ رہیں گے۔ اور اس کے بعد بھی توقع کی جارہی ہے کہ وہ کلب کے ساتھ بطور کھلاڑی یا کسی بھی اور رول میں اپنا نمایاں کردار ادا کرتے رہیں گے۔

 ابھی تو فی الحال رونالڈو انٹرنیشل بریک پر فرینڈلیز کھیلنے کے لیے پرتگال کے دارالحکومت لزبون میں موجود ہیں۔ مگر مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے ان کا دوسری بار ڈیبیو نیو کاسل یونائٹیڈ کے خلاف گیارہ ستمبر کو کھیلے جانے والے میچ میں توقع کیا جارہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
Pocket
WhatsApp

متعلقہ خبریں

Start a Conversation

Your email address will not be published. Required fields are marked *