لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ محمد رضوان،اور بیک اپ میں موجود سرفراز احمد، اور اعظم خان جیسے اِن فارم وکٹ کیپرز کی موجودگی میں میرے قومی ٹیم میں واپسی کے امکانات کم ہیں۔
ساتھی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی تعریف کرتے ہوئے کامران اکمل کا کہنا تھا کہ رضوان کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔ انہوں نے مختصر ترین فارمیٹ میں کلاس کے سوا کچھ نہیں دکھایا۔ وہ ٹی20 فارمیٹ میں وہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
تجربہ کار وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اسکواڈ میرٹ کی بنیاد پر منتخب ہونا چاہئیے نہ کہ دوستی کی بنیاد پر۔ آسٹریلیا میں شیڈول ٹی20 ورلڈکپ میں اچھے نتائج حاصل کرنے ہیں تو ٹیم کا انتخاب میرٹ پرکرنا ہوگا۔
کامران اکمل دنیا بھر کی ٹی20 لیگز اور مقابلوں میں باقاعدگی سے حصہ لیتےآرہے ہیں۔ جب کہ کشمیر پریمیئر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے لیے باغ اسٹالینز کی طرف سے آئیکون پلیئر نامزد کیے گئے ہیں۔
باغ اسٹالینزکے آئیکون پلیئر کامران اکمل نے کشمیر پریمئیر لیگ پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پریمئیر لیگ میں مقامی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے خود کو ثابت کرنے کا بہترین موقع ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کو سینئر سے ڈریسنگ روم شیئر کرکے اچھا تجربہ ملے گا۔
واضح رہے کہ کشمیر پریمئیر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے میچز11 اگست سے 25 اگست تک مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 25 اگست کو کھیلا جائے گا۔