پاکستان سپورٹس بورڈ نے پی ایچ ایف کے صدر خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری آصف باجوہ اور خزانچی محمد اخلاق کو عہدوں سے ہٹا دیا۔
سپورٹس پالیسی 2005 ء کی خلاف ورزی پر پی ایس بی کے ڈائریکٹرنیشنل فیڈریشنزمیاں سیدواحد نے ڈی جی کرنل (ر) آصف زمان کی منظوری سے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے عہدوں سے فارغ کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات 15مئی 2018ء کو ہوئے تھے جن میں صدر خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری شہباز احمدسنیئر اورخزانچی محمداخلاق 4سال کی مدت کیلئے منتخب ہوئے تھے۔
پی ایچ ایف حکام کی 4 سالہ آئینی مدت 2 ماہ پہلے 14 مئی 2022ء کو ختم ہو گئی تھی اور انتخابات نہیں کرا سکے۔
واضح رہے 2019 ء میں شہباز سینئر کے مستعفی ہونے پر آصف باجوہ کو بطور سیکرٹری پی ایچ ایف نامزد کیا گیا تھا۔
مقررہ مدت میں الیکشن نہ کرانا نیشنل سپورٹس پالیسی 2005 ء کی خلاف ورزی ہے جس کی بنا پر دونوں عہدیداروں کو ان کے عہدوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔
