قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کہتے ہیں کہ ماڈرن ٹی ٹونٹی کرکٹ میں باؤلنگ کے دوران گیند کی رفتار میں متواتر تبدیلی ماڈرن کرکٹ میں ناگزیر ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے قبل نیٹ سیشنز میں باؤلنگ میں ویری ایشنز پر خصوصی کام کررہاہوں۔
شاہین شاہ آفریدی اب تک 28 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں 31 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ وہ اس فارمیٹ میں19.6 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ باؤلنگ کررہے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی قومی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ ناکام دورہ انگلینڈ کے بعد اب دورہ ویسٹ انڈیز پر ہیں جوان کا پہلا دورہ کیریبئن ہے۔
نوجوان فاسٹ باؤلر کا کہناہے کہ ٹی ٹونٹی، تیز رفتار طرز کی کرکٹ ہے، جہاں بہتر باؤلنگ کے لیے جلد اور فوری فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔ اس طرز کی کرکٹ میں سلور ونز کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وہ پچ اور کنڈیشنز کو دیکھ کر سلور ون پھینکنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ لازمی نہیں کہ ایک اوور میں صرف ایک سلور ون ہی پھینکا جائے بلکہ وہ حریف بلے باز کےمضبوط اور کمزور پہلوؤں کو دیکھ کر دو سے تین آہستہ گیندیں کروانے کا بھی فیصلہ کرتے ہیں۔
فاسٹ باؤلر کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم برق رفتار بیٹنگ کرنے والے ہارڈ ہٹرز پر مشتمل ہے۔ یہ تمام کھلاڑی ایچ بی اپل پی ایس ایل، سی پی ایل اور دنیا بھر کی لیگز میں کھیلتے ہیں، لہٰذا انہیں دنیا کے تقریباََ تمام باؤلرز کا بخوبی اندازہ ہے۔ ایسے بلے بازوں کے خلاف ویری ایشنز کے بہتر استعمال سے ہی ان سے بچا جاسکتا ہے اور جلد آؤٹ کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فاسٹ باؤلرز ڈیتھ اوورز میں زیادہ تر یارکرز لینتھ گیند بازی کرتے ہیں۔ اس دوران اگر گیند ریورس سوئنگ ہونے لگے تو ایسے میں ان کی حسن علی اور حارث رؤف کے ساتھ اچھی پارٹنر شپ جمتی ہے۔
اسکواڈ پاکستان کرکٹ ٹیم
ٹی ٹونٹی: بابر اعظم (کپتان)(سینٹرل پنجاب) ، شاداب خان (نائب کپتان) (ناردرن)، ارشد اقبال (خیبرپختونخوا)، اعظم خان (سندھ) ، فہیم اشرف (سینٹرل پنجاب)، فخر زمان (خیبرپختونخوا)، صہیب مقصود(سدرن پنجاب)، حارث رؤف(ناردرن) ، حسن علی (سینٹرل پنجاب) ، عماد وسیم (ناردرن)، محمد حفیظ (خیبرپختونخوا)، محمد حسنین (سندھ)، محمد نواز (ناردرن)، محمد رضوان(وکٹ کیپر)(خیبرپختونخوا) ، محمد وسیم جونیئر (خیبرپختونخوا)، سرفراز احمد(وکٹ کیپر)(سندھ) ، شاہین شاہ آفریدی (خیبرپختونخوا)، شرجیل خان(سندھ) اور عثمان قادر (سینٹرل پنجاب)
میچز شیڈول
27 جولائی: پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ ، کینزینگٹن اوول ، بارباڈوس
28 جولائی:دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ ، کینز ینگٹن اوول ، بارباڈوس
31 جولائی: تیسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ ، پروویڈینس اسٹیڈیم ، گیانا
یکم اگست:چوتھا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ ، پروویڈینس اسٹیڈیم ، گیانا
3 اگست: پانچواں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ ، پروویڈینس اسٹیڈیم ، گیانا