ویمنز ایشیا کپ: پاکستان نے یو اے ای کو 71 رنز سے ہرا کرچوتھی کامیابی حاصل کر لی

 ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 71 رنز سے شکست دے دی، متحدہ عرب امارات کی ٹیم 146 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی، پاکستان کی عالیہ ریاض کو 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، پاکستانی ٹیم کی یہ ٹورنامنٹ میں چوتھی کامیابی ہے اور وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

اتوار کو سلہٹ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 17ویں میچ میں پاکستان ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے، عالیہ ریاض نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 36 گیندوں پر 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں3 چھکے شامل تھے۔

اوپنر منیبہ علی نے بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 43 رنز بنائے، ندا ڈار نے 17 گیندوں پر 25 رنز بنائے ، یو اے ای کی طرف سے ایشا اوزا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، یو اے ای کی خواتین ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 74 رنز بنائے، خوشی شرما 20 اور کوویشا گوڈیج 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔

پاکستان کی طرف سے سعدیہ اقبال ، ایمن انور ، ناشرہ سندھو اور عمیمہ سہیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ، عالیہ ریاض کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 واضح رہے کہ یہ پاکستان کی ٹورنامنٹ میں کھیلے جانے والے  پانچ میچز میں چوتھی کامیابی ہے جو متحدہ عرب امارات کے خلاف ملی۔ اس سے قبل پاکستان بھارت، بنگلہ دیش اور ملائشیاکے خلاف کامیابیاں سمیٹ چکا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
Pocket
WhatsApp

متعلقہ خبریں

Start a Conversation

Your email address will not be published. Required fields are marked *

حالیہ خبریں