پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان باولر محمد حسنین نے آسٹریلین بگ باش لیگ میں یادگار ڈیبیو پرفارمنس پیش کی۔ چاراوورز میں محض بیس رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور نوجوان باولر نے لیگ کے اپنے پہلے ہی میچ میں تمام ٹیموں پر اپنی دھاک بٹھا لی۔
محمد حسنین نے سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کرتے ہوئے پہلے اوور کی محض دوسری اور تیسری گیندوں پر متواتر وکٹیں حاصل کرکے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔ یہی نہیں بلکہ اپنے پہلے ہی اوور کی پانچویں گیند پر بھی تیسری وکٹ حاصل کی اور میلہ لوٹ لیا۔
محمد حسنین کی عمدہ باولنگ کی بدولت سڈنی تھنڈرز نے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے خلاف اپنا میچ باآسانی 28 رنز سے جیت لیا۔
میچ کے دوران ہی محمد حسنین کو عمدہ باولنگ پرسابقہ اور موجودہ آسٹریلوی اور دیگر کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر سراہنا بھی شروع کردیا۔