ابھرتے ہوئے اسٹار آل راؤنڈر اورانڈر 19 کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے پاکستان کے نوجوان قاسم اکرم کا کریبین پریمیئر لیگ کی فرنچائز سینٹ کٹس اینڈ نیوپیٹریاٹس کی نمائندگی کریں گے۔
اگست سے شروع ہونے والے لیگ کے نئے ایڈیشن میں قاسم اکرم سری لنکا کے وینندوہرسنگا کی جگہ کھیلیں گے۔
نوجوان آل راؤنڈر نے انڈر19ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے بھرپورکارکردگی کا مظاہرہ کیا جہاں سےنوجوان کرکٹر دنیائے کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنے۔
انڈر 19 کرکٹ کا عالمی کپ کربینین میں ہی کھیلا گیا تھا جس میں قاسم اکرم نے ایک ہی میچ میں سینچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ پانچ وکٹیں لے کر ٹورنامنٹ کی تاریخ میں انوکھا کارنامہ سرانجام دیا۔ جس کے بعد پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کراچی کنگز نے انہیں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے بھرپور موقع فراہم کیا اور انہوں نے کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے صرف 26 گیندوں پر 51 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی تھی۔
