پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ایک روزہ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
ملتان میں کھیلے گئے تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 306 رنز کا ہدف چار گیندیں پہلے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 103 ، امام الحق 65 محمد رضوان 59 جبکہ خوشدل شاہ 41 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پورن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے آغاز پر اعتماد نہ تھا، پہلا نقصان کائیل مئیرس کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا کائیل تیسرے اوور میں شاہین آفریدی کی گیند پر انھی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے، جس کے بعد دوسری وکٹ کے لئے شائے ہوپ اور شرمین بروکس کی جوڑی نے 154 رنز کی شراکت قائم کی
شرمیں بروکس 70رنز بنا کر محمد نواز کا شکار بنے، ویسٹ انڈیزین کپتان وکٹ پر ٹک نہ سکے اور صرف 21رنزبنا کر آوٹ ہوئے۔
پورن کے بعد برینڈن کنگ بھی شائے ہوپ کو ہوپ نہ دے سکے اور صرف 4رنز بنا کر آوٹ ہوگئے اس دوران ہوپ نے شاندار سنچری مکمل کی وہ 127 رنز بنا کر حارث روؤف کی تیز گیند کا شکار بنےہوپ کے آوٹ ہوتے ہی رومن پاول اور شیفرڈ نے دھواںدار اننگز کھیل کرمقرر اورز میں ٹیم کا اسکور 305رنز تک پہنچایا، پاول 32 اور شیفرڈ 25 رنز کے ساتھ ناقبل شکست رہے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رووف نے 4 ، شاہین شاہ آفریدی نے 2، محمد نواز اور شاداب خان نے 1,1 وکٹ اپنے نام کی۔
306رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز بھی کچھ اچھا نہ تھا اوپنر فخر زمان صرف 11 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے جس کے بعد کپتان بابر اعظم اور امام الحق نے کمان سمبھالی دونوں بیٹرز کے درمیان 103 رنز کی شراکت قائم ہوئی امام 65 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو رضوان نے بابر کے ساتھ کریز سنبھالی اس دوران بابر نے اعزاز اپنے نام کرنے شروع کئے اور ایک اور سنچری بناڈالی ٹیم کا اسکور 237 پہنچا تو بابر 103 رنز بنا کر الزاری جوزف کا شکار ہوئے، محمد رضوان بھی 59رنز بنا کر ہمت ہار گئے۔
خوشدل شاہ نے جارحانہ 23 گیندوں پر 4چھکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے اور قومی ٹیم کو فتح دلوائی۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف نے دو ,اکیل حسین، شیفرڈ اور سیلز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ اختتام پر دلچسپ صورتحال تب ہوئی جب بابراعظم نے اپنا پلئیر آف دی میچ نمایاں کاکردگی پر خوشدل شاہ کے نام کر دیا۔
سیریز کا دوسرا ایک روزہ میچ جمعہ 10 جون کو ملتان اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔