نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ پہلی بار وائٹ بال فارمیٹ میں گرین شرٹس کی نمائندگی کریں گے۔ فاسٹ بالر کو حسن علی کی خراب فارم کے باعث نیدر لینڈز کے خلاف سیریز اور ایشیا کپ 2022 کے لیے اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اس سے قبل فاسٹ بولر ٹیسٹ فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انہوں نے 13 ٹیسٹ میچز میں 33 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔
قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ وہ نیدر لینڈز کے خلاف سیریز اور ایشیاکپ میں فرائض کی انجام دہی کے باعث دی ہنڈریڈ کے دوسرے ایڈیشن سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ دی ہنڈریڈ کا آغاز گزشتہ روز ہوا تھا جہاں دفاعی چیمپئن سدرن بریو نے ویلش فائر کو نو وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پاکستان کے دو کھلاڑی محمد حسنین اور وہاب ریاض بھی ٹورنامنٹ میں بالترتیب اوول انوینسیبلز اور ناردرن سپر چارجرز کے لیے کھیلیں گے۔
