قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریوں کے لیے خوش آئند قرار دے دیا۔ کہتے ہیں کہ ورلڈکپ سے پہلے موجودہ کھلاڑیوں اور نئے آنے والے کھلاڑیوں کی فارم کا اندازہ ہوگا جبکہ ٹیم مینجمنٹ کو مختلف کمبی نیشن آزمانے کا موقع بھی ملے گا۔
انگلینڈ پہنچ کر ٹیم کے پریکٹس سیشنز اور فزیکل فٹنس کے حوالے سے کی جانے والی مختلف ورزشوں پر نائب کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے بھرپور اطمینان کا اظہارکیا ہے۔
شاداب خان کی کپتانی میں پی ایس ایل کے چھٹے سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے پلے آف کھیلا اور اس کے بعد دوسرے ایلیمینیٹر میں کراچی کنگز کے ہاتھوں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جس پر شاداب خان کافی افسردہ بھی نظر آئے اور یونائیٹیڈ ڈریسنگ روم میں ان کی روتے ہوئے کھینچی گئیں تصویریں سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی رہی ہیں۔
نائب کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے دورہ انگلینڈ میں اپنی پی ایس ایل کی فارم بحال رکھنے کے ساتھ ساتھ باؤلنگ میں نمایاں کارکردگی دکھا کر جیت میں نمایاں کردار ادا کرنے کا عزم کیا
یے۔