نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ شاندار سنچری اسکور کرنے پر جیسن رائے کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
205 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر جیسن رائے نے کریز سنبھالتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور شاہین شاہ آفریدی، زمان خان، حارث رؤف اور راشد خان پر مشتمل باؤلنگ اٹیک کو میدان کے چاروں اطراف زبردست شاٹس لگا کر دباؤ کا شکار کیا۔ 20 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کرنے والے جیسن رائے نے 57 گیندوں پر 116 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 8 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔
انہوں نے احسان علی اور جیمز ونس کے ہمراہ پہلی اور دوسری وکٹ کے لیے بالترتیب 71 اور 96 رنز کی شراکت قائم کی۔ احسان علی 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
تاہم جیمز ونس نے دوسرے اینڈ سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور 38 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 49 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی دلادی۔ اس دوران محمد نواز نے ایک چوکا اور 2 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 25 رنز بنائے۔
اس سے قبل سرفراز احمد کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے تھے۔ فخر زمان اور عبداللہ شفیق پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو 61 رنز کامضبوط آغاز فراہم کیا۔
45 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی بدولت 70 رنز کی اننگز کھیلنے والے فخر زمان نے دوسری وکٹ کے لیے بھی کامران غلام کے ہمراہ 40 رنز کی شراکت قائم کی۔ عبداللہ شفیق 32 اور کامران غلام 19 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس موقع پر ہیری بروک اور ڈیوڈ ویزے نے لاہور قلندرز کی کمان سنبھالی اور آخری پانچ اوورز میں 78 رنز بناکر ٹیم کا اسکور 200 کے پار پہنچایا۔ ہیری بروک نے 17 گیندوں پر 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 41 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ڈیوڈ ویزے 22رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہےجبکہ غلام مدثر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔