انگریزوں نے بھارتی سورماؤں کا غرور خاک میں ملا دیا، تیسرے ٹیسٹ کے پہلے روز پوری بھارتی ٹیم صرف 78 رنز پر ڈھیر

لارڈز میں کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے کے بعد بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا حد سے زیادہ اعتماد انہیں لے ڈوبا۔ بھارت نے انگلش ٹیم کے خلاف سیریز کا دوسرا ٹیسٹ بڑے ہی کانٹے دار مقابلے کے بعد151 رنز سے جیتا تھا۔

لیڈز میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میں بھارتی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا جو انہیں بہت بھاری پڑا۔

پوری کی پوری  بھارتی ٹیم محض 78 رنز پر ڈھیر ہوچکی تھی۔ صرف 40.4 اوورز میں پوری بھارتی ٹیم نے پویلین یاترا کرلی تھی۔

انگلش پیس بیٹری کے کپتان جیمز اینڈرسن نے ایک بار پھر اپنی کاریگری کی دھاک بٹھاتے ہوئے بھارت کے نامور بلے بازوں کو ٹھکانے لگایا۔ انگلش ٹیم میں جمی کے نام سے پکارے جانے والے جیمز اینڈرسن نے سیریز میں ایک بار پھر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا شکار کیا۔ اس بار بھی کوہلی محض سات رنز ہی اسکورکرسکے۔

جمیز اینڈرسن نے کوہلی سمیت پجارا اور کے راہول کی وکٹیں بھی حاصل کیں۔

انگلینڈ نے جواب میں اپنی پہلی اننگز کا آغاز بڑے پر اعتماد طریقے سے کیا اور انگلینڈ کے اوپنرز روری جوزف برنز اور حسیب حمید نے اسکور بورڈ کو سست روی سے 120 رنز تک پہنچا دیا ہے۔ انگلینڈ کو بھارت پر 42 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے اور اس کی ابھی پوری دس وکٹیں باقی ہیں۔

کرکٹ شائقین اور پنڈت اس بات پر حیران ہیں کہ جس پچ پر پوری بھارتی ٹیم کی کہانی محض 78 رنز پر ختم کردی گئی اسی پچ پر انگلش بلے بازوں نے بغیر کسی نقصان کے 120 رنز کا پہاڑ کیسے کھڑا کرلیا۔

شائقین کو یقینا ابھی بھی دوسرے ٹیسٹ کی طرح تیسرے ٹیسٹ میں بھی بھارت کی جانب سے کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Pinterest
Pocket
WhatsApp

متعلقہ خبریں

Start a Conversation

Your email address will not be published. Required fields are marked *